غزہ:اسرائیلی فضائی حملے ،دوروز میں 120افراد شہید

غزہ:اسرائیلی فضائی حملے ،دوروز میں 120افراد شہید

غزہ ،یرو شلم (اے ایف پی،رائٹرز)گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم ازکم 120افراد شہید،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔

وزارت صحت  کے مطابق 7 اکتوبر 2023سے جاری صیہونی حملوں میں ابتک 37ہزار551فلسطینی شہید ،85ہزار911زخمی ہو چکے ۔غزہ میں صحت کے حکام نے بتایا کہ ہفتے کے روز غزہ شہر کے دو محلوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 24 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ۔الطفہ کے نواحی علاقے میں ایک مکان پر حملے میں کم از کم 20 افراد مارے گئے جبکہ الشطی پناہ گزین کیمپ میں حملے میں چار افراد کی جانیں گئیں۔ الطفہ میں ایک فیکٹری میں کام کرنے والے 19افراد ابھی تک لاپتہ ہیں ۔اسرائیل کی جانب سے رکاوٹ کے باعث امدادی ایجنسیاں کام کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے غزہ کراسنگ پر خوراک کے ڈھیر لگ گئے ۔7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیلی خواتین بندوقیں خریدنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔ بندوق کے اجازت نامے کے لیے خواتین کی طرف سے 42ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 18ہزار کو منظور کیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں 15ہزار سے زائد خواتین آتشیں اسلحہ کی مالک ہیں، 10ہزار خواتین نے لازمی تربیت میں داخلہ لیا ہے ۔حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مظالم کی قیمت چکانی ہوگی، اسرائیلی فوج نے دو روز میں شاطئی، المواسی اور رفح میں ایک بار پھر قتل عام کیا،حماس کا کہنا تھا کہ عالمی برادری جنگی جرائم رکوانے کے لیے قابض فوج پر دباؤ ڈالے ۔غزہ بحران پر امریکی محکمہ خارجہ کے اسرائیل فلسطین امور کے ماہر اینڈریو ملر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔اسرائیل کی پورے رفح پر قبضے کی کوشش، آٹھ محاذوں سے حملہ جاری ہے ،رفح کراسنگ ، صلاح الدین کوریڈور، تال زروب ،پاسپورٹ راؤنڈ اباؤٹ، بینک آف فلسطین، صلاح الدین گیٹ،ذو النورین مسجدکے علاوہ اسرائیلی فوج نے یبنا اور عزوز محور اور انجینئر سنڈیکیٹ کے اطراف سے بھی شہر میں گھسنے کی کوشش کی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں