غزہ ،مغربی کنارے پر اسرائیلی حملے ،مزید 33افراد شہید

غزہ ،مغربی کنارے پر اسرائیلی حملے ،مزید 33افراد شہید

یروشلم،غزہ(اے ایف پی)غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت میں مزید 33افراد شہید ہو گئے ۔دوسری جانب لبنان میں ایک گاڑی پراسرائیلی ڈرون حملے میں حزب اللہ کا سینئر کمانڈر مارا گیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے 28افراد شہید ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک 37ہزار 953فلسطینی شہید ،87ہزار 266زخمی ہو چکے ۔فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ۔ شہدا کی عمریں 20 سے 25 سال تھیں،ادھر اسرائیل کے شمالی قصبے کرمیل کے ایک مال میں چاقو کے وار سے ایک شخص ہلاک ،ایک زٰخمی ہو گیا ،جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 12.7 مربع کلومیٹر (4.9 مربع میل) اراضی پر قبضے کی منظوری دے دی ہے ، واچ ڈاگ گروپ نے بدھ کو کہا کہ یہ تین دہائیوں میں سب سے بڑا قبضہ ہے ۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے انخلا کے احکامات کے بعد زیادہ تر مریض ریڈ کراس فیلڈ ہسپتال ، یورپی غزہ ہسپتال سے بھاگ گئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ مبینہ طور پر 270 مریض اور طبی عملے کے افراد وہاں سے نکل گئے ۔ادھر غزہ کے بچوں میں جلد کی خطرناک بیماریاں پھیل گئیں،والدین کا کہنا تھا ادویات ناپید ہونے کے باعث بچوں کا سونا محال ہو گیا ہے ،جسم پر خراشیں کرنے سے انفیکشن بڑھ رہا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد جلد کی بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں،خارش اور جوؤں کے 96ہزار417، چکن پاکس کے 9ہزار274 ، جلد پر خارش کے 60ہزار103 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے بدھ کے روز غزہ شہر پر شدید بمباری کی جبکہ فوج کی طرف سے وسیع علاقے سے انخلا کا حکم جاری کرنے کے بعد دسیوں ہزار فلسطینی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے لگے ۔ سلووینیا کی اپوزیشن نے ملک کی آئینی عدالت سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے پارلیمان کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔یاد رہے سلووینیا کی پارلیمنٹ نے 4 جون کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا حکم نامہ منظور کیا تھا ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں