برطانیہ میں آج عام انتخابات ،6بڑی پارٹیوں میں مقابلہ

برطانیہ میں آج عام انتخابات ،6بڑی پارٹیوں میں مقابلہ

لندن(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کیلئے آج رائے شماری ہوگی۔6 بڑی پارٹیوں میں مقابلہ ہو گا ۔ مسلسل 14 سال سے حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی اور اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔

ریفارم یوکے جماعت بھی سرپرائز دے سکتی ہے ۔آج ہونے والے عام انتخابات میں 5 کروڑ ووٹرزکے لیے ملک بھر میں 40 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔جنرل الیکشن میں 4 ہزار 500 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹنگ کا عمل صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسم خشک رہے گا تاہم شمالی انگلینڈ، سکاٹ لینڈ میں بارش کا امکان ہے ۔خیال رہے کہ الیکشن کے بعد 9 جولائی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور پھر سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔عوامی سروے اس بار حکمران جماعت کیلئے مثبت اشارے نہیں دے رہے ۔ ریفارم یوکے جماعت کنزرویٹو پارٹی کے ووٹس کاٹے گی جس کا فائدہ اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کو ہوگا۔علاوہ ازیں ایک سروے کے مطابق برطانوی الیکشن میں برٹش پاکستانیوں کا جھکاؤ زیادہ تر گرین پارٹی کی طرف ہے ۔مسئلہ فلسطین پر مؤقف کی وجہ سے پاکستانی نژاد افراد کی اکثریت لیبرپارٹی سے دور ہوگئی۔برطانیہ میں بسنے والے پاکستانی اور بنگلا دیشی خاندانوں کی اکثریت مسلمان ہے اور غزہ کے تنازع پر کیئر سٹارمر کے مؤقف کی وجہ سے گرینز کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے ۔

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں