مقبوضہ کشمیر میں جھڑپیں ، 6 نوجوان شہید ، 2 فوجی ہلاک

مقبوضہ  کشمیر  میں  جھڑپیں ،  6  نوجوان  شہید  ،  2  فوجی  ہلاک

سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن،آئی این پی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں دو الگ الگ واقعات میں 6 کشمیر نوجوان شہید اور 2 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کُلگام کے گاؤں موڈرگام میں بھارتی فوج، ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپا مار ٹیم نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں گھر کو تباہ کردیا گیا۔ گھر کے ملبے سے 2 نوجوان کی لاشیں ملی ہیں ۔ کلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج کی ایک گھر پر شدید گولہ باری میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جب کہ ایک فوجی اہلکار بھی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ۔شہید نوجوانوں میں یاور بشیر، زاہد احمد ڈار، توحید احمد راتھر،شکیل احمد وانی شامل ہیں ،دو نوجوانوں کی شناخت نہیں ہو سکی ۔علاوہ ازیں قابض پولیس نے لاشیں لواحقین کو دینے سے انکار کر دیا ہے ۔بھارتی فوج کی ایس او پی کے مطابق ان نوجوانوں کو نامعلوم مقام پر سپردخاک کیا جائے گا ۔ ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوجی کے ایک کیمپ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات ہیں جس میں ایک فوجی زخمی ہو گیا۔مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی دن میں بھارتی فوج تین حملوں کا سامنا کرنے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔ فوجی اڈوں، تھانوں اور چوکیوں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں شہید برہان مظفر وانی کی برسی آج پیرکو منائی جائے گی۔ یاد رہے برہان وانی کو بھارتی فوج نے 2 ساتھیوں کے ہمراہ 2016 میں جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔ وانی کی برسی کے موقع پر پوری وادی میں خراج عقیدت پر مبنی پیغام کے پوسٹرز لگائے گئے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں