آئی ٹی کی خرابی کے بعد فضائی آپریشنز بحال ہونا شروع
الریاض(اے ایف پی،اے پی پی)دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں خلل کے بعد ائیرلائنز کے آپریشنز بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئے۔ ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، بھارت، امریکا و دیگر ممالک میں سروسز بحال ہونے لگیں۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آئی ٹی کی خرابی ٹھیک ہونے کے بعد آپریشنز بحال کر دیا۔ دبئی ایئرپورٹس نے بیان میں کہا کہ فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا ہے۔ کویت نے بھی فلائٹ آپریشنز کی بحالی کی اطلاع دی ہے۔ ایشیا بھر میں متعدد ایئرلائنز نے کہا کہ اب وہ ہانگ کانگ، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ میں چیک ان سروسز بحال کر کے دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں، زیادہ تر آپریشنز بھارت، انڈونیشیا اور سنگاپور کے چانگی ہوائی اڈے پر ہفتے کی دوپہر تک معمول پر آگئے ہیں۔ تھائی لینڈ کے ایئرپورٹس کے صدر نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے پانچ بڑے ہوائی اڈوں پر چیک ان سسٹم معمول پر آگیا ہے۔ ایئرپورٹس پر لمبی قطاریں نہیں ہیں جیسا کہ ہم نے کل تجربہ کیا تھا۔دوسری جانب پاکستان سمیت کئی ممالک میں سوشل میڈیا صارفین کو اب بھی مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان میں واٹس ایپ اور فیس بک کی سروس شدید متاثر ہے۔