ٹرمپ پر حملہ،امریکی سیکرٹ سروس کی سربراہ مستعفی

ٹرمپ  پر  حملہ،امریکی  سیکرٹ  سروس  کی  سربراہ  مستعفی

واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کو روکنے میں سیکرٹ سروس کی ناکامی کا اعتراف کرنے کے ایک دن بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔۔۔

ڈیموکریٹس اور ریپبلیکن دونوں ارکان نے کمبرلی چیٹل کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ایوان نمائندگان کے ریپبلکن سپیکر مائیک جانسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ کام کم از کم ایک ہفتہ پہلے کرنا چاہئے تھا، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ انہوں نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹس دونوں کے مطالبے کو اہمیت دی۔کمبرلی چیٹل کو کانگریس کی ایک کمیٹی کے سامنے پیش ہوئی تھیں اور اعتراف کیا تھا کہ ٹرمپ پر حملہ سیکرٹ سروس کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے اسے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران خفیہ سروس کی سب سے اہم آپریشنل ناکامی قرار دیا تھا۔انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ہماری ایجنسی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تحفظ دینے اور حملے کو روکنے میں ناکام رہی ہے ۔ واضح رہے کہ پنسلوانیا میں انتخابی ریلی کے دوران ٹرمپ پر امریکی دہشت گرد نے حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے سابق امریکی صدر اس میں محفوظ رہے اور گولی اُن کے چہرے اورکان کو چھوتی ہوئی گزری تھی۔کمبرلی چیٹل نے 27سال تک سیکرٹ سروس ایجنٹ کے طور پر خدمات انجام دی تھیں اور 2021 میں شمالی امریکا میں سکیورٹی کی سربراہ بنیں لیکن 2022 میں صدر جو بائیڈن نے انہیں سیکرٹ سروس کا سربراہ مقرر کردیا تھا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں