بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ ،ہڑتال:بارودی سرنگ دھماکا فوجی سمیت 3 زخمی

بھارت کے یوم آزادی پر  مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ ،ہڑتال:بارودی سرنگ دھماکا فوجی سمیت 3 زخمی

اسلام آباد،سری نگر(اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیروں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔

جس کا مقصد عالمی برادری کو واضح پیغام دینا ہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر پرطاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے اور وہ علاقے میں اپنے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ روز مکمل  ہڑتال اور معمولات زندگی معطل رہے ۔ لوگوں نے گھروں کی چھتوں اور گلیوں میں سیاہ جھنڈے لہرائے ۔قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے وادی کشمیر کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا۔ اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ۔ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے ہیلی کاپٹروں ، سی سی ٹی وی او ر ڈرون کیمروں کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کے لیے آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ادھر برسلز میں بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے بھارتی سفارت خانے کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہرے میں تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکانے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک حوالدار اور دو مزدور زخمی ہو گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں