غزہ جنگ بندی مذاکرات :اسرائیل امریکی تجاویز سے متفق

غزہ جنگ بندی مذاکرات :اسرائیل امریکی تجاویز سے متفق

یروشلم،غزہ(اے ایف پی،رائٹرز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں امریکی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے حماس سے بھی نئی امریکی تجاویز ماننے کا مطالبہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج قطر جائیں گے جہاں ثالث مصر اور قطر سے جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے ، یرغمالیوں کو گھر پہنچانے ، دیرپا امن اور سلامتی کیلئے سب کو بہتر راستے پر ڈالنے کی کوشش پر بات چیت کریں گے ۔علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی صدر سے ملاقات کے بعد کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی پر جاری مذاکرات اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے خاتمے تک پہنچنے کا شاید آخری موقع ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ کن لمحہ ہے ۔جنگ بندی تک پہنچنا اب بھی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے حماس کے ساتھ جنگ بندی پر اس ہفتے طے شدہ نئی بات چیت کے لیے اسرائیلی ٹیم بھیجنے کا وعدہ کیا ہے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال میں لڑائی کے دوران ایک فوجی مارا گیا جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں ۔دوسری جانب حزب اللہ اور حماس نے اسرائیل پر ڈرون اور راکٹ حملوں کا دعوی ٰ کیا ہے ،کارروائی کے دوران حزب اللہ کے دو کارکن جاں بحق ہو گئے ۔ ادھر حماس اور اسلامی جہاد نے اتوار کے روز تل ابیب میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے ایک خودکش کارروائی قرار دیا اور اسرائیل کو مزید حملوں کی دھمکی دی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں 40افراد شہید ،متعدد زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک 40ہزار139فلسطینی شہید ،92ہزار 743زخمی ہو چکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں