غزہ :اسرائیلی حملے جاری ،مزید 48شہید ،100سے زائد زخمی

غزہ :اسرائیلی حملے جاری ،مزید 48شہید ،100سے زائد زخمی

غزہ ،یروشلم (اے ایف پی ،رائٹرز)غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ،24گھنٹے میں مزید 48شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب اسرائیلی عدالت نے غزہ میں 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت پر جاری ملک گیر ہڑتال فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

اسرائیلی  پراسیکیوٹر نے ہڑتال کے خلاف لیبر کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔عدالت نے فیصلے میں ہڑتال کے سیاسی نوعیت کے محرک کا حوالہ دیا ۔چیئرمین لیبر یونین کا کہنا تھا عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ملازمین کو کام دوبارہ شروع کرنے کا کہہ دیا ہے ، ہڑتال کا مقصد اجاگر کرنا ایک اہم اقدام تھا اور ہم اس مقصد پر قائم ہیں۔ادھر گزشتہ روز اسرائیل میں ہڑتال کے باعث کاروبار جزوی طور پر معطل رہا ۔حماس کا کہنا تھا اگر اسرائیل فوجی دباؤ برقرار رکھتا ہے تو یرغمالی تابوتوں کے اندر واپس جائیں گے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مغویوں کو بچانے میں ناکام رہنے پر عوام سے معافی مانگتے ہیں ۔بائیڈن کا کہنا تھا نیتن یاہو نے یرغمالیوں کے معاہدے پر کافی کام نہیں کیا۔علاوہ ازیں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل کو کچھ ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا اعلان کیا ہے ۔برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ جائزے میں سامنے آیا کہ اسرائیل کو بعض ہتھیاروں کی فروخت سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے ۔ 350 میں سے 30 کے قریب اسلحہ لائسنس معطل کر دئیے جائیں گے ۔اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے غزہ میں یرغمالیوں کی ہلاکت پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک کم ازکم 40ہزار786فلسطینی شہید،94ہزار 224زخمی ہو چکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں