علاقائی مسائل کا حل سارک کی بحالی سے وابستہ :بنگلہ دیشی وزیر اعظم

 علاقائی مسائل کا حل سارک کی بحالی سے وابستہ :بنگلہ دیشی وزیر اعظم

ڈھاکا(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس نے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک)کو اس کی روح کے مطابق بحال کرنے پر زور دیا ہے ۔

انہوں نے کہا علاقائی مسائل کا حل سارک کی بحالی سے وابستہ ہے ۔ یورپی یونین نے بہت کچھ حاصل کیا ، سارک مماک ایسا کچھ نہیں کرسکے ۔بھارتی خبر ایجنسی کو ایک انٹرویو میں ڈاکٹر یونس کا کہنا تھا کہ وہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا 8 رکن ممالک کا بلاک خطے کے بہت سے مسائل حل کر سکتا ہے ۔سارک کا قیام ایک عظیم مقصد کے لیے عمل میں لایا گیا تھا لیکن اب یہ صرف کاغذ پر موجود ہے اور ہم سارک کے نام کو بھی بھول چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سارک کانفرنس کافی عرصے سے نہیں ہوئی، اگر ہم اکٹھے ہوں تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ یورپی یونین نے باہمی تعاون سے بہت کچھ حاصل کیا ہے جب کہ سارک مماک ایسا کچھ نہیں کرسکے ۔خیال رہے کہ سارک آبادی کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی علاقائی تنظیم ہے جو تقریباً ڈیڑھ ارب لوگوں کی نمائندگی کرتی ہے ۔سارک کا آخری سربراہی اجلاس نیپال میں 2014 میں ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک کوئی اجلاس منعقد نہیں ہوسکا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں