اسرائیل کی خان یونس خیمہ بستی پر بمباری،40 شہید

 اسرائیل کی خان یونس خیمہ بستی پر بمباری،40 شہید

غزہ (اے ایف پی)فلسطین کے علاقے خان یونس کی خیمہ بستی پر اسرائیل کے ٖفضائی حملے میں 40 فلسطینی شہیداور60زخمی ہوگئے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے المواسی کیمپ کو نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں مزید 40 فلسطینی شہید اور 60زخمی ہوگئے جبکہ 15افرادلاپتا ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔خیمہ بستی میں اسرائیلی بمباری کے دوران وزنی بموں کے استعمال سے محفوظ قرار دئیے گئے المواسی کیمپ میں 30فٹ گہرے گڑھے پڑگئے ۔اسرائیلی فوج کاکہناہے کہ اس کے طیارے نے خان یونس میں حماس کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ۔حماس نے ایک بیان میں کہا کہ حملے کے مقام پر جنگجوؤں کے موجود ہونے کا دعویٰ ایک کھلا جھوٹ ہے ۔اسرائیلی فوج نے پولیو مہم کیلئے شمالی غزہ جانے والے یو این عملے کو گن پوائنٹ پرروک لیا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے اپنے بیان میں بتایا کہ عملے کی گاڑیوں کو بلڈوزروں سے نقصان پہنچایا گیا۔دوسری طرف نابلوس کے 3 دیہات پر اسرائیلی قبضے کیلئے فلسطینیوں کو جگہ خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں ہزاروں بچے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید کئے جا چکے ہیں، اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 41 ہزار20ہوگئی ہے جب کہ 94 ہزار 925 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ۔ مشرقی لبنان پرگزشتہ روز ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کا کمانڈر مارا گیا، حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایلیٹ رضوان فورس کے فیلڈ کمانڈر محمد قاسم الشعر اسرائیلی سرحد سے دور لبنان کے مشرق میں وادی بیکا میں موٹرسائیکل پر سوار جارہے تھے جب انہیں نشانہ بنایاگیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں