حسن نصراللہ 32 سال کی عمر میں حزب اللہ کے رہنما منتخب ہوئے

حسن نصراللہ 32 سال کی عمر میں حزب اللہ کے رہنما منتخب ہوئے

بیروت(دنیا مانیٹرنگ)حسن نصراللہ 1960 میں لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مشرقی علاقے برج حمود میں پیدا ہوئے ۔

ان کے والد عبد الکریم نصراللہ ایک چھوٹے 

 سبزی فروش تھے اور حسن نصراللہ اپنے والدین کے 9 بچوں میں سب سے بڑے تھے ۔ایک عام سے خاندان سے تعلق رکھنے والے حسن نصراللہ کا بچپن سادگی میں گزرا،حسن نصراللہ نے ابتدائی تعلیم بیروت میں حاصل کی ،تعلیم کے سلسلے میں حسن نصراللہ کچھ عرصے کے لیے عراق کے شہر نجف چلے گئے ، جہاں انہوں نے مذہبی تعلیم حاصل کی۔نجف سے واپس آ کر وہ امل تحریک میں شامل ہوگئے مگر 1982 میں اسرائیل کے لبنان پر حملے کے بعد حسن نصراللہ اور ان کے چند ساتھیوں نے امل سے علیحدگی اختیار کی اور ایک نئی تنظیم بنائی جس کا نام اسلامی امل رکھا گیا۔ اسی تنظیم نے آگے چل کر 1985 میں حزب اللہ کے نام سے اپنی پہچان بنائی اور حسن نصراللہ نے تنظیم کے اندر اہم عہدے حاصل کیے ۔1992 میں حزب اللہ کے رہنما عباس الموسوی اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ۔ اس کے بعد حسن نصراللہ صرف 32 سال کی عمر میں حزب اللہ کے رہنما منتخب ہوئے ۔ان کی بیوی اور 4 بچے زیادہ تر ان کی عسکری اور سیاسی مصروفیات سے الگ تھلگ رہے ۔ 1997 میں ان کے بڑے بیٹے ہادی نصراللہ اسرائیل کے ساتھ ایک جھڑپ میں شہید ہوگئے ، لیکن حسن نصراللہ نے اس واقعے کے بعد بھی اپنے حوصلے کو برقرار رکھا اور عوام کے سامنے اپنے ذاتی نقصان کو حزب اللہ کی جدوجہد کا حصہ قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں