وزیراعظم کا پنجگور واقعے کا نوٹس، وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم نے مقتولین کی بلندیٔ درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے7 مزدور جاں بحق
انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی مزدور کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔