اسرائیل پر جوابی حملے کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے :ایران
تہران(اے ایف پی،رائٹرز)ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل پر جوابی حملے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کرینگے ۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بغیر کسی وضاحت کے کہا کہ ہمارا رد عمل اسرائیل کے حملے کی نوعیت پر منحصر ہے ۔انہوں نے کہا ایران فوجی مقامات پر اسرائیلی حملوں کا مضبوط اور موثر جواب دے گا۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی فوجی تنصیبات پر حملے کے بعد اسے تلخ نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔خبر رساں ادارے تسنیم نے پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل ہفتے کے روز اپنے فضائی حملوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے ۔انہوں نے کہا تلخ نتائج اسرائیل کیلئے ناقابل تصور ہوں گے ۔ ایرانی میڈیا نے پیر کو کہا کہ ہفتے کے آخر میں اسرائیلی حملوں کے دوران ایک شہری بھی جاں بحق ہوا ۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے ہفتے کے روز ایرانی فوجی مقامات پر فضائی حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 ایرانی فوجی جاں بحق ہوئے تھے ۔ دوسری جانب نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنے کیلئے ایٹم بم بنانے میں کوشاں ہے ،انہوں نے قانون سازوں سے خطاب کے دوران کہا ایران کسی بھی وقت پوری دنیا کیلئے خطرہ بن سکتا ہے ۔
ایرانی جوہری پروگرام ہمارے ذہنوں میں سب سے آگے ہے ، نیتن یاہو نے کہا میں اس سلسلے میں اپنے تمام منصوبے اور اقدامات آپ کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ امن کے حصول کے خواہشمند ہیں،میں نے چند سال قبل تاریخی ابراہیم معاہدے پر دستخط کیے تھے تاکہ دوسرے عرب ممالک کے ساتھ امن حاصل کیا جا سکے ۔ عراق نے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے احتجاجی خط میں اسرائیل کی جانب سے پڑوسی ملک ایران پر حملہ کرنے کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی مذمت کی ہے ۔ادھر ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے عبرانی زبان میں ایکس اکاؤنٹ کھولا جو 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں معطل ہو گیا۔ ایرانی سپریم لیڈر نے ایکس پر عبرانی زبان میں پوسٹ شیئر کرنے کیلئے 26 اکتوبر کو نیا اکاؤنٹ کھولا تھا۔نئے اکاؤنٹ سے عبرانی زبان میں کی جانے والی پہلی پوسٹ کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ اللہ کے نام سے جو سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے ۔پوسٹ کو ایرانی سپریم لیڈر نے انگریزی زبان کے آفیشل اکاؤنٹ سے ری شیئر بھی کیا جس پر اسرائیلی رضاکارانہ فلاحی تنظیم ‘زکا’ نے جواب دیتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر کیلئے وہ دعائیہ کلمات تحریر کیے جو عام طور سے مرنے والوں کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔