پنجاب پی آئی اے خریدنے یا نئی ایئر لائن پر غور کررہا:نوازشریف
لندن، نیویارک(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے یا نئی ایئرلائن بنانے پر غور کر رہی ہے ،خان صاحب ملکی ترقی کا ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا ہو۔۔۔
ان لوگوں نے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیے ،بڑے صبر سے کام کیا،مجھے زیادہ نہ چھیڑیں،بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفان کیے ہوئے ۔لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات چیت کا احوال بیان کرتے کہا مریم نواز کی خواہش ہے کہ پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے چلائیں تاہم میں نے مشورہ دیا ہے آپ نئی ایئرلائن بھی چلا سکتی ہیں،پی آئی اے کی تباہی پر بہت دکھ ہوتا ہے ، میں خود پرواز بدل کر امریکا پہنچا ، پی آئی اے کی خریداری یا نئی ایئرلائن بارے مریم نواز غور کررہی ہیں۔خیال رہے قبل ازیں خیبر پختونخوا حکومت نے پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا، خیبر پختونخوا بورڈ اف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے وفاقی وزیر نجکاری علیم خان کو اس سلسلے میں خط بھی لکھا تھا۔ نیو یارک میں کارکنوں سے گفتگو کرتے نواز شریف نے کہا خان صاحب ملکی ترقی کا ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا،پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے 40سے 50ارب دیئے ، آپ لوگوں نے خیبرپختونخوا میں پبلک ویلفیئر کیلئے کیا کیا ؟، کے پی میں ان لوگوں کی حکومت کا گیارہواں سال چل رہاہے ۔
صوبہ کے عوام ان لوگوں سے نہیں پوچھتے کہ آپ ملک کو چھوڑیں ہمارے صوبے کیلئے کیاکیا، کام کرنا اور صرف باتیں کرنا اوربات ہے ، ان لوگوں نے صرف لوگوں کے اخلاق کو بگاڑا اور بدتمیزی کاکلچر سکھایا، میری حکومت میں صرف 104روپے کاڈالر تھااورانٹرسٹ ریٹ سوا5فیصدتھا، زرمبادلہ ذخائر ملکی تاریخ کی بلندسطح پر تھے ، آئی ایم ایف کو ہم نے خداحافظ کہہ دیاتھا، اوریہ لوگ اسے واپس لیکر آگئے ،ہم ترقی کی شرح کو 5.8کے ریٹ پر لیکر گئے تھے اورہمارا پروگرام 7فیصد پر لیکرجاناتھا، یہ لوگ ڈالر کو اوپر لے گئے اورانٹرسٹ ریٹ کو 22سے 23فیصد پر لیکر گئے ۔ زرمبادلہ ذخائر بالکل زمین پر آگئے ، ان لوگوں نے ترقی کاکوئی منصوبہ نہیں لگایا۔ پاکستان میں سب سے پہلے موٹروے کی بنیاد مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے رکھی، آخری موٹروے بھی مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے بنائی ، موٹروے پشاور سے اسلام آباد لاہور ،ملتان،رحیم یارخان اور سکھر جاتی ہے ، سکھر حیدرآباد سیکشن رہ گیاتھا خدا کے بندو وہی بنادیتے وہ بھی ان سے نہ بنی۔ میں نے شہبازشریف کو بولاہے کہ اسے نئی موٹروے پرمنتقل کریں ، ہم نے بلوچستان میں سڑکوں اورہائی ویز کاجال بچھایا ، کام ان کاتھااورہزاروہ موٹروے بھی ہم نے بنائی جوپنجاب نہیں کے پی میں ہے ، ہم نے عطاآباد جھیل میں لمبی ٹنل بنائی۔مزید برآں نواز شریف نے نیو یارک میں جہاں مختلف ملاقاتیں کیں وہیں ایک اجلاس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی لوگوں سے خطاب میں انہوں نے شاعرانہ انداز اپنایا اوربات کے آغاز پر کہا بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفان کیے ہوئے ، نواز شریف شرکا سے کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ اسی لیے کہتا ہوں مجھے زیادہ نہ چھیڑیں، اس سارے عرصے میں ہمارے اوپر بہت کچھ گزرا ہے ، ہم نے بڑے صبر سے کام لیا ۔