مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی دہشتگردی ، 3نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی دہشتگردی ، 3نوجوان شہید

سرینگر (اے ایف پی،اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں تین نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے دو نوجوانوں کو اسلام آباد کے علاقے ہلکان گلی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ ایک اور نوجوان کو سرینگر کے علاقے خانیار میں ایک پر تشددآپریشن کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے خانیار میں ایک گھر کو بھی تباہ کر دیا۔قبل ازیں خانیار کے علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پیرا ملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 2 جبکہ سپیشل آپریشن گروپ کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے ۔دریں اثنا دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف گزشتہ روز سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے ۔ یاسین ملک کو بھارتی حکام نے 2019میں سرینگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا ، وہ اس وقت ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ادھر سرینگر میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار حادثاتی طورپر گولی چلنے سے ہلاک ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں