شمالی غزہ پر اسرائیلی بمباری ،13بچوں سمیت 33 شہید

شمالی غزہ پر اسرائیلی بمباری ،13بچوں سمیت 33 شہید

غزہ ،بیروت (اے ایف پی) حماس کے زیر انتظام شہری دفاع کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز شمالی غزہ میں دو گھروں پر اسرائیلی حملوں میں 13 بچوں سمیت 33 افراد شہید ہو گئے۔

سول ڈیفنس نے بتایا کہ اتوار کو علی الصبح جبالیہ میں ایک گھر پر حملے میں 13 بچوں سمیت کم از کم 25 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ۔ سول ڈیفنس نے بتایا کہ غزہ شہر کے صابرہ محلے پر ایک اور حملے میں 8 افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد لاپتا ہیں۔ کئی شہری اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ادھر لبنان بھر میں ہفتے کے روز رات گئے اسرائیلی حملوں میں 40 سے زائد افراد شہید ،متعدد زخمی ہو گئے ۔ علاوہ ازیں اسرائیلی میڈیا نے ہفتے کے روز دعوی ٰکیا تھا کہ قطر نے حماس کے تمام رہنماؤں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ان افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔حماس کا دفتر بند کیا نہ رہنماؤں کو ملک بدر، وزارت خارجہ نے کہا ان کا ملک اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی پر مذاکرات کو عارضی طور پر معطل کر رہا ہے ۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کابینہ اجلاس کے دوران لبنان میں پیجر ڈیوائس حملوں اور حسن نصراللہ کو شہید کرنیکا اعتراف کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے پیچھے اسرائیل تھا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق پہلی بار کسی اسرائیلی عہدیدار نے لبنان میں پیجر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔نیتن یاہو نے کابینہ اجلاس میں وزراکو بتایا کہ میں نے حملوں پر اصرار کیا ،سابق وزیر دفاع نے مخالفت کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں