لندن میں ٹرین کے اندر خواجہ آصف کو گالیاں اور دھمکیاں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو لندن گراؤنڈ سٹیشن پر ٹرین میں گالیاں اور دھمکیاں دینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
برطانوی دارالحکومت میں نامعلوم شخص نے خواجہ آصف کا تعاقب کیا اور انہیں چاقو سے حملے کی دھمکی دی۔وزیر دفاع خواجہ آصف کے قریبی ذرائع نے لندن میں پیش آئے واقعے کی تصدیق کردی ہے ۔قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ دھمکیاں اور گالیاں دینے کی ویڈیو حقیقی ہے ۔حکومت نے وزیردفاع کیساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کا نوٹس لے لیا ، ہائی کمیشن کو پولیس سے رابطے کی ہدایت کر دی ۔ حکومت نے ہائی کمیشن کوہدایت کی کہ واقعہ انتہائی سنگین ہے لہٰذا برٹش ٹرانسپورٹ پولیس سے رابطہ کرکے تحقیقات کرائی جائے ۔ذرائع نے تصدیق کی کہ خواجہ آصف کو گالیاں اور چاقو حملے کی دھمکی دینے کا واقعہ منگل کو ہیتھرو ائیرپورٹ کے قریب پیش آیا۔خواجہ آصف اس وقت لندن میں ہی ہیں، نوازشریف اور مریم نوازسے ان کی ملاقات بھی متوقع ہے ۔