اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران 539پوائنٹس کا نمایاں اضافہ
انڈیکس ایک فیصد بڑھ گیا، بلند ترین سطح ایک لاکھ 72ہزار 674پوائنٹس ریکارڈ مثبت رجحان غالب، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں بینچ مارک 100 انڈیکس میں مجموعی ایک ہزار 539 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار بنیاد پر 100 انڈیکس ایک فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 71 ہزار 404 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ، رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 72 ہزار 674 اور کم ترین ایک لاکھ 69 ہزار 230 پوائنٹس رہی، کاروباری ہفتے کے بیشتر سیشنز میں مثبت رجحان غالب رہا اور خریداروں کی سرگرمیاں فروخت کے دباؤ پر حاوی نظر آئیں، علاوہ ازیں ہفتے بھر اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 249 ارب مالیت کے 4 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سرمایہ کار قلیل اور درمیانی مدت کے امکانات کے حوالے سے پرامید ہیں، مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق مارکیٹ کیپٹلائزیشن 135 ارب روپے سے بڑھ کر 19 ہزار 457 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گئی، جو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کے بہاؤ اور منتخب شعبوں میں قیمتوں کے استحکام کو ظاہر کرتی ہے ، سیکٹر وائز جائزہ لیا جائے تو ہفتے بھر آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، سیمنٹ، کیمیکل، انرجی اور آٹو موبائل شعبوں میں نمایاں کاروبار دیکھنے میں آیا۔ آنے والے دنوں میں ریکارڈ تیزی کا رجحان مزید مضبوط ہوسکتا ہے۔