غزہ،یوکرین میں جنگ کا خاتمہ،امریکی فوج کو مضبوط کروں گا :ٹرمپ
نیو یارک،واشنگٹن (اے ایف پی،رائٹرز) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے اس وعدے کا اعادہ کیا ہے کہ وہ امریکی فوج کو مضبوط کریں گے ۔۔۔
غزہ اور یوکرین میں جنگ کا خاتمہ کریں گے تاہم انہوں نے اپنے اس وعدے کے سلسلے میں تفصیلات نہیں بتائیں ۔ٹرمپ نے فلوریڈا میں امریکا فرسٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں بہت بڑا مینڈیٹ دیا ہے جو زیادہ واضح ہے ۔ عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں ۔ہم اپنے عظیم ملک کو کم ٹیکسز کے ساتھ اور مضبوط فوج کے ساتھ واپس پہلے والے مقام پر لائیں گے ۔ ٹرمپ نے کہا ہم مشرق وسطیٰ پر کام کرنے جا رہے ہیں۔ روس اور یوکرین کی جنگ رکوانے کے لیے بھی بہت مشکل کام کرنے جا رہے ۔ ان جنگوں کو ختم ہونا چاہیے ۔یاد رہے ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ صدر بننے کے بعد مشرق وسطیٰ میں جاری خونریزی اور یوکرین جنگ کو چند گھنٹوں میں ختم کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے نارتھ ڈکوٹا کے گورنر ڈوگ برگم کو سیکرٹری داخلہ کے لیے منتخب کیا ہے جبکہ وزیرصحت کیلئے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو نامزد کیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رابرٹ ایف کینیڈی امریکا کے صدر بننے کی دوڑ میں شامل تھے لیکن آخری لمحات میں ٹرمپ کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے ۔واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے تاہم حلف اٹھانے سے قبل ہی انہوں نے اپنے دوسرے دور صدارت کے لیے اہم عہدوں پر نامزدگیاں کر دی ہیں۔دوسری جانب امریکی فیڈرل کورٹ آف اپیل نے خفیہ دستاویزات سے متعلق مقدمے میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اقدامات روک دئیے ہیں۔