بھارت ریاست منی پور میں پھر ہنگامے، وزرا کے گھروں پر حملے
امپھال(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست منی پور میں 6 لاپتا افراد کی لاشیں ملنے کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے جس کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع میں ہفتے کی صبح سے انٹرنیٹ سروس بند اور کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز مشتعل افراد نے 3 وزرا، 6 اراکین اسمبلی کے گھروں پر حملے کئے، وزیراعلیٰ کی رہائشگاہ پر حملے کی کوشش بھی کی،پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ سے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 6 لاپتہ افراد کی لاشیں جمعہ کو جری بام ضلع سے ملیں جنہیں 11 نومبر کو اغوا کیا گیا تھا، جن افراد کی لاشیں ملیں وہ خواتین اور کم عمر بچے تھے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن 6 لوگوں کو اغوا کیا گیا تھا ان کا تعلق میتی قبائل سے ہے اور یہ واقعہ چند روز قبل سکیورٹی فورسز کی جانب سے 10 مبینہ جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کرنے کے بعد ہوا جن کا تعلق کوکی قبائل سے تھا۔ ادھر سول سوسائٹی اور میتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے حکومت کو قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے ۔واضح رہے ریاست منی پور میں بسنے والی میتی کمیونٹی اور کوکی قبائل میں ریاستی وسائل اور حقوق کو لیکر اختلافات موجود ہیں جو اکثر ہنگاموں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔