غزہ :اسرائیلی بربریت جاری،مزید 48شہید ،120زخمی
غزہ ،بیروت (اے ایف پی،رائٹرز)گزشتہ روز غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بربریت جاری،مزید 48افراد شہید ،120زخمی ہو گئے ۔
شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا اور کمال عدوان ہسپتال کے قریب فضائی حملوں میں کئی افراد شہید و زخمی ہوئے ،نصیرات کیمپ میں فضائی حملے میں کثیر المنزلہ عمارت تباہ ہوگئی ۔ رفح میں اسرائیلی ٹینکوں نے شہر کے شمال مغرب میں داخل ہو کر شدید گولہ باری کی ۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار 330فلسطینی شہید ،1لاکھ 4ہزار 933زخمی ہو چکے ۔دوسری جانب جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے حملے میں 2افراد زخمی ہو گئے جبکہ جنوبی لبنان میں کرفیو نافذ کر دیا ۔اسرائیل نے کہا کہ حزب اللہ نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے کارروائی کی گئی ۔لبنانی وزیر صحت نے کہا اسرائیلی جارحیت کے دوران 3ہزار8سو23 افراد جاں بحق، 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ۔ نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہے ،ہم وہ تمام وسائل استعمال کریں گے جو استعمال کئے جاسکتے ہیں۔