شام :شدید جھڑپیں ، اہم شہر حما پر باغیوں کا حملہ پسپا
دمشق(اے ایف پی،رائٹرز)شام کی سرکاری افواج نے بدھ کے روز اہم شہر حما پرباغیوں کا حملہ پسپا کر دیا ۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس مانیٹر کے مطابق منگل تک باغی فورسز حما شہر کے دروازوں تک پہنچ چکی تھیں۔۔
حما کے ارد گرد گزشتہ روز بھی شدید لڑائی جاری رہی ۔سیریئن آبزرویٹری کا کہنا تھا حما تزویراتی طور پر وسطی شام میں واقع ہے اور یہ دارالحکومت دمشق کی حفاظت کے لیے انتہائی اہم علاقہ ہے ۔برطانیہ میں قائم آبزرویٹری کے مطابق حکومتی فورسز نے حما میں حیات تحریر الشام کے باغیوں اور اتحادی دھڑوں پر فضائی حملہ کیا۔ سرکاری فورسز نے ایچ ٹی ایس کو صوبائی دارالحکومت سے تقریباً 10 کلومیٹر دور دھکیل دیا، آبزرویٹری نے کہا کہ شدید لڑائی میں باغی شہر کے قریب علاقے پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ناکام رہے ۔ادھر جنگی مانیٹر کا کہنا ہے کہ شام میں تازہ لڑائی کے دوران مرنے والوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی ہے جن میں 110 عام شہری بھی شامل ہیں۔مجموعی طور پر ابتک 361 باغی، 233 حکومتی اہلکار اور 110 شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔