غزہ :گھروں ،سکولز پر اسرائیلی حملے ،میئر سمیت 72شہید

غزہ :گھروں ،سکولز پر اسرائیلی حملے ،میئر سمیت 72شہید

غزہ (اے ایف پی،رائٹرز)غزہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران گھروں ،پناہ گاہوں اور سکولز پر اسرائیلی بمباری سے میئر سمیت کم ازکم 72فلسطینی شہید ،150 زخمی ہو گئے ۔

شہدا میں کئی خواتین اور بچے شامل ہیں ۔ غزہ پٹی کے وسطی علاقے دیر البلاح میں ایک عمارت پر حملے میں دس افراد شہید ہوئے جبکہ دیر البلاح کے ٹاؤن ہال پر اسرائیلی حملے میں میئر  دیاب الجارو سمیت نو افراد شہید ہوئے ۔غزہ سٹی میں اقوام متحدہ کے ایک سکول میں بے گھر افراد کی رہائشگاہ پر بمباری سے سات افراد شہید اور بارہ زخمی ہوئے ۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں المجدہ وصیلہ سکول کو بھی نشانہ بنایا ، خواتین اور بچوں سمیت 8افراد شہید اور کم از کم 10 زخمی ہو گئے ۔غزہ سٹی میں ہی ایک اور حملے میں ایک مقامی صحافی کی شہادت کی اطلاع ہے ۔ دوسری جانب وزارت صحت نے کہا 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم ازکم 44ہزار 930فلسطینی شہید ،1لاکھ6ہزار 624زخمی ہو چکے ۔ادھر لبنان پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں