ترکیہ :بارودی مواد کی فیکٹری میں دھماکا ،8خواتین سمیت 13 ہلاک
استنبول (اے ایف پی)ترکیہ کے شمال مغربی صوبہ بالیکیسر کے ضلع کریسی میں بارودی مواد کی فیکٹری میں دھماکے سے 13 افراد ہلاک اور7زخمی ہو گئے ۔
جائے وقوعہ کی وائرل ہونیوالی ایک فوٹیج میں بالیکسر شہر کے شمال میں پلانٹ کے باہر بکھرے ہوئے شیشے اور دھات کے ٹکڑے دکھائے گئے ہیں، جہاں ایمبولینسیں کھڑی تھیں۔ ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ مرنیوالوں میں آٹھ خواتین شامل ہیں جبکہ 7زخمیوں کی ہسپتال میں دیکھ بھال کی جارہی ہے جن میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے ۔صوبہ بالیکیسر کے گورنر اسماعیل استا اوگلو کاکہناتھاکہ دھماکہ صبح ساڑھے بجے ہوا ، فیکٹری کی ایک پروڈکشن لائن میں تکنیکی خرابی تھی جوحادثے کاسبب ہوسکتی ہے ۔