مسافر طیارہ روسی میزائل دفاعی نظام کے باعث تباہ ہوا، آذربائیجان حکام

مسافر طیارہ روسی میزائل دفاعی نظام  کے باعث تباہ ہوا، آذربائیجان حکام

باکو(مانیٹرنگ ڈیسک)آذربائیجان کے اعلیٰ حکام نے روس کے میزائل دفاعی نظام کو قازقستان میں اپنے مسافر طیارے کی تباہی کی وجہ قرار دے دیا، حادثے میں 38 مسافر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 29 محفوظ رہے تھے ۔

ترک خبر رساں ادارے ‘انادولو’کے مطابق آذربائیجان کے اعلیٰ حکام نے جمعرات کو ان میڈیا رپورٹس کی تصدیق کی ہے جن میں کہا گیا تھا بدھ کو قازقستان کے شہر آقتاؤ کے قریب آذربائیجان ایئرلائنز کا مسافر طیارہ روسی میزائل دفاعی نظام کی وجہ سے تباہ ہوا۔آذربائیجان کے ذرائع ابلاغ نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پینٹسر میزائل سسٹم نے گروزنی شہر کے قریب پہنچتے ہی طیارے کو نشانہ بنایا۔رپورٹ کے مطابق روسی الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے استعمال کی وجہ سے طیارے کا مواصلاتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہوگیا تھا۔ آذربائیجان اور قازقستان دونوں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ آذربائیجان ائیرلائن کا بھی کہنا ہے اس کا طیارہ تکنیکی اور بیرونی مداخلت کی وجہ سے گرا۔ حادثے کے بعد روس کے 10 ہوائی اڈوں کے لیے اپنی پروازیں معطل کر رہے ہیں۔دوسری جانب روسی ایوی ایشن ایجنسی کا کہنا ہے حادثے کا شکار ہونے والے آذربائیجان کے طیارے نے گہری دھند اور یوکرینی ڈرون الرٹ کی وجہ سے اپنا راستہ بدلا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں