احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق، ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے: شبلی فراز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے، مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی اپنے لیے کوئی ریلیف نہیں ڈھونڈ رہے، وہ اصولی موقف اور عوام کیلئے جیل میں ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ ہم کسی بھی پُرتشدد کارروائیوں کے حامی نہیں لیکن ہم فاشزم کے بھی مخالف ہیں، یہ ملک آئین کی بنیاد پر چلنا چاہءئے لیکن یہاں پک اینڈ چُوز ہوتا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مذاکرات میں ایسا تاثر رَد کرتے ہیں کہ بانی چیئرمین اپنے لئے گنجائش ڈھونڈ رہے ہیں، جو بھی مذاکرات ہوں گے وہ بانی چیئرمین کے اصولی موقف کے دائرہ کار میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی رہے گی کہ ہماری سیاست کا مرکز قانون کی حکمرانی ہے، ہماری جدوجہد اسی دائرہ میں رہتے ہوئے ہوگی، ہم ایک پُرامن سیاسی جماعت ہیں، ہم عدالتوں سے توقع رکھتے ہیں کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔