میئر کراچی کی نیشنل سٹیڈیم آمد، چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کا جائزہ
کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئے، نیشنل سٹیڈیم پہنچنے پر پی سی بی کےاعلیٰ حکام نے میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کااستقبال کیا۔
میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کو2025ء میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں سے متعلق بتایا گیا، مرتضیٰ وہاب نے نیشنل سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے، کراچی کی عوام چیمپئنز ٹرافی کے میچز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے دونوں میچز کیلئے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں، عوام کراچی میں کرکٹ کی ٹیموں کا والہانہ استقبال کریں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ 2017ء کے بعد 2025ء میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد خوش آئند ہے، چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے ہر طرح کی بلدیاتی سہولیات مہیا کی جائیں گی، کراچی کے عوام کرکٹ اور کھلاڑیوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر کراچی کوسجایا جائے گا۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں چیمپئنز ٹرافی کو کے ایم سی کے ہیڈ آفس لایا گیا تھا، چیمپئنز ٹرافی کو تھام کر یہ احساس ہوا تھا کہ اس مرتبہ ہم جیتیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔