بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مزید 31 فیصد اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر 2024 میں 31 فی صد مزید بڑھ گئیں، سمندر پار پاکستانیوں نے جنوری سے نومبر تک 21 ارب 58 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ، یعنی 7 ارب 29 کروڑ ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی جو پچھلے سال اسی عرصے سے 38.7 فیصد زیادہ ہے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانیوں نے سال کے پہلے 11 ماہ میں 6 ارب 15 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں، جو پچھلے سال اسی عرصے سے 55 فی صد زائد ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 4 ارب 71 کروڑ ڈالر، یورپی یونین سے 3 ارب 61 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 3 ارب 44 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
سعودی عرب اور امارات کے علاوہ دیگر خلیجی ملکوں سے 3 ارب 17 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
آسٹریلیا اور ملائیشیا بھی پاکستان سے باہر نوکری ڈھونڈنے والوں کی اہم منزل بننے لگے، سال کے پہلے 11 ماہ میں آسٹریلیا سے 66 کروڑ ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی گئی، ملائیشیا سے آنے والی رقم ریکارڈ 97 فیصد اضافے کے ساتھ 16 کروڑ 82 لاکھ ڈالر ہوگئی۔
اس کے علاوہ شارجہ، ڈنمارک اور جاپان سے آنے والی ترسیلات منفی زون میں رہیں۔