قائمہ کمیٹی اجلاس : سٹیٹ لائف کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لنک کرنے کی تجویز
اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں سٹیٹ لائف انشورنش کمپنی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لنک کرنے کی تجویز سامنے آئی۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کے اجلاس میں انشورنس کمپنیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں سٹیٹ لائف حکام نے بتایا کہ کمپنی اپنا منافع خود جنریٹ کر رہی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے سوال کیا کہ سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کیوں نہیں کی جاتی، اسے پرائیویٹ میں کیسے تبدیل کریں، ایس او ای ایکٹ کے تحت اس کو ایک آزاد ادارے کے تحت چلایا جا رہا ہے۔
جواب میں سیکرٹری تجارت نے جواب دیا کہ اس کی نجکاری نہیں کی جا سکتی جبکہ سیکرٹری کامرس جواد پال نے کہا کہ سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو پرائیویٹائز کرنے کا نقصان ہی ہوگا۔
اجلاس میں ممبر کمیٹی نے تجویز دی کہ سٹیٹ لائف کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لنک کر دینا چاہیے، حکام سٹیٹ لائف کا کہنا تھا کہ ہم نے بی آئی ایس پی کے تحت تجاویز دی ہیں جس پر کام ہو رہا ہے، ہم کسانوں کو بھی انشورنس فراہم کر رہے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے حکام سے استفسار کیا کہ آپ کے ان فلاحی کاموں کا عوام کو کیوں معلوم نہیں؟ جس پر حکام نے کہا کہ سال 21-2020 میں ہم نے کسانوں کو فنڈنگ شروع کی لیکن بعد میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کسانوں کو فنڈ کرے گی۔
دوسری جانب چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ آپ حکومت کو بیچ میں سے نکالیں اور کسان کے ساتھ ڈائریکٹ ہو جائیں، حکومت کے پاس کسانوں کو ان کی فصلوں کو انشورنس دینے کا کوئی نظام بنائیں۔