خیبرپختونخوا حکومت نے آئل اور گیس کی رائلٹی بڑھا دی
پشاور: (ذیشان کاکا خیل) خیبر پختونخوا میں گیس اور تیل کے پیداواری اضلاع کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی۔
محکمہ توانائی کی دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے آئل اور گیس کی رائلٹی بڑھا دی، رائلٹی 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دی گئی ہے، اضافی رائلٹی پہلے سے محروم اضلاع کو بھی دی جائے گی۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ دی جانے والی رائلٹی متعلقہ اضلاع کی تعمیر و ترقی پر خرچ کی جائے گی، کوہاٹ ڈویژن کے بعد اب لکی مروت، بنوں اور وزیرستان کو بھی 15 فیصد رائلٹی ملے گی۔
محکمہ توانائی حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے کئی دیگر اضلاع میں تیل اور گیس دریافت ہورہا ہے، رائلٹی دینے کا مقصد اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے، 10 فیصد رائلٹی پیٹرولیم پالیسی 2012 کی مخصوص شقوں کے تحت دی جارہی تھی۔
دوسری جانب حکومتی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ فنڈز خرچ کرنے کے لیے محکمہ خزانہ پالیسی وضع کرے۔