مریم نواز سے چین کے وفد کی ملاقات، 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری پر رضامندی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے دورہ چین کے فوری ثمرات نظر آنے لگے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے اعلیٰ سطح وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں چینگ ڈو جنرل کوآرڈینیٹر برائے آئی سی ٹی ہب مس اسکارلٹ اور ڈپٹی سی ای او ہواوے مسٹر یو رے شامل تھے۔
چینگ ڈو نے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کر دی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اصولی منظوری دے دی، چینگ ڈو حکومت کے تعاون سے ای- ٹیکسی سروس کا جلد آغاز کریں گے۔
نوازشریف آئی ٹی سٹی میں چینی کمپنی کمپیوٹنگ سینٹر بھی قائم کرے گی، ملاقات میں نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، حکومت پنجاب ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر قائم کرنے کے لئے اراضی اور بلڈنگ فراہم کرے گی۔
ملاقات میں پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن ورلڈ وائڈ ٹریڈنگ کے لئے ٹریننگ بھی دے گی، لاہور میں چینی اشتراک کار سے سمارٹ کنٹرول روم، سمارٹ ٹریفک کنٹرول، سمارٹ ٹرانسپورٹ، سمارٹ سینی ٹیشن سینٹر قائم ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر اور وفد کو دورہ چین میں جدید ترین ڈیجیٹل سینٹرز کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، فیز ٹو میں نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے لئے اے آئی انڈسٹری سینٹر بھی قائم ہوگا۔
چینی حکومت پنجاب میں پلیٹ فارم سروس کیپسٹی بلڈنگ کے لئے بھی معاونت کرے گی، فیز تھری میں انڈسٹریز کے قیام کے لئے لوکل انویسٹمنٹ میں معاونت کا جائزہ، پاکستانی نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں سے متعارف کرانے کے لئے بھی اشتراک کار کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ چین کے تعاون سے پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفشل انٹیلی جنس سینٹر بنانا چاہتے ہیں، پنجاب بہت جلد خطے میں آئی ٹی ہب بنے گا، اپنے بچوں کو آئی ٹی میں میں سب سے برتر دیکھنا چاہتے ہیں۔