پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز: 148 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے 3 وکٹوں پر 27 رنز

سینچورین: (دنیا نیوز) پاک جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز بنا لیے۔

تیسرا روز

سینچورین میں جنوبی افریقا کیخلاف کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، پاکستان نے 88 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا، 153 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے جاتے ہی وکٹیں دھڑا دھڑ گرنے لگیں، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان میدان میں زیادہ دیر ٹک نہ سکے اور 172 کے مجموعی سکور پر 7 گیندوں پر 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سلمان آغا بھی محض 3 گیندوں کا سامنا کر سکے اور ایک سکور بنا کر 176 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے۔

عامر جمال نے سعود شکیل کا کچھ ساتھ نبھایا اور مجموعی سکور کو 208 پر پہنچایا لیکن 32 گیندوں پر 18 رنز بنا کر پیٹرسن کی بال پر رکیلٹن کو کیچ تھما گئے، ان کے بعد آنے والے نسیم شاہ 209 رنز کے مجموعے پر 4 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

چائے کے وقفے کے بعد میچ شروع ہوا تو لمبی اننگز کھیلنے والے سعود شکیل 113 بالز پر 84 رنز بنا کر 236 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے، ان کے بعد نئے آنے والے بیٹر محمد عباس نے 10 گیندیں کھیلیں اور 237 کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے جبکہ خرم شہزاد 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پروٹیز کی جانب سے مارکو جینسن نے 6، کیگیسو رباڈا نے 2 جبکہ ڈین پیٹرسن اور کوبن بوش نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹونی ڈی زور زی 2 اور ریان رکیلٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ٹرسٹن اسٹبس نے 1 رن بنایا جبکہ ایڈن مارکرم 22 اور ٹیمبا باووما بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 12 اور خرم شہزاد نے 1 وکٹ حاصل کی، جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 121 رنز اور پاکستان کو 7 وکٹیں درکار ہیں۔

دوسرا روز

سینچورین میں میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی دوسرے روز کھیل کے بعد پہلی وکٹ 48 رنز کے اضافے کے بعد ملی جب ٹمبا باوما 31 رنز بناکر پویلین لوٹے، بعدازاں 178 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ بیڈنگھم 30 اور پھر 188 رنز پر کائل ویرین 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقی اوپنر ایڈن مارکرم 89 رنز ار کاگیسو ربادا 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ٹرسٹن اسٹبس نے 9اور ریان رکیلٹن نے 8رنز بنائے ٹونی ڈی زور زی اور مارکو جانسن نے 2،2رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے 3،3 ، عامر جمال نے 2 جبکہ محمد عباس اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز صائم ایوب اور شان مسعود نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی 28، 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ کامران غلام 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 16 اور سعود شکیل 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پہلا روز

میزبان ٹیم کی دعوت پر پاکستان ٹیم نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 36 کے مجموعی سکور پر کپتان شان مسعود کی وکٹ گرتے ہی شاہینوں کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔

40 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب، 41 رنز پر بابراعظم اور 56 رنز پر سعود شکیل وکٹ گنوا بیٹھے، اوپنرز شان مسعود 17، صائم ایوب 14 رنز، بابراعظم 4 رنز اور سعود شکیل 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کامران غلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور 54 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، محمد رضوان 27، سلمان آغا 18 ، عامر جمال 28 ، خرم شہزاد 11 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹیم نے پہلے روز کے کھیل کے اختتام تک 22 اوورز کی بدولت 3 وکٹیں حاصل کی، خرم شہزاد نے 2 اور ،محمد عباس نے 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قومی سکواڈ

قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابراعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔

پروٹیز الیون

جنوبی افریقہ کی ٹیم کپتان ٹیمبا باووما، ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، ٹرسٹن سٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، ڈین پیٹرسن، کوربن بوش پر مشتمل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں