احسن اقبال کا شہید میجر اویس کے نام پر شاہراہ منسوب، یادگار بنانے کا اعلان

شکر گڑھ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال شہید میجر اویس عارف کی رہائش گاہ گئے، اہلخانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے شہید احسن اقبال کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید میجر اویس نے ملک کی حفاظت کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم شہید میجر اویس کی مقروض ہے، وہ قوم کے محسن ہیں، شہید میجر اویس کے نام پر شاہراہ منسوب کریں گے، یاد گار بنائیں گے۔

احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی نظر والے عناصر کو قوم اور فوج بھرپور جواب دے گی، ایٹمی پروگرام کے لئے پاکستان کے 24 کروڑ عوام نے بہت قربانیاں پیش کی ہیں، ایٹمی پروگرام ہماری آزادی اور آزاد مستقبل کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خود مختار ملک ہے، فیصلے ریاست اور عوام کے مفاد میں کرتا ہے، کوئی باہر سے پاکستان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، ریاست پاکستان اور سلامتی کے اداروں پر حملہ کرنے والوں کے لئے کوئی معافی نہیں، ریاست کو سیاست کی نظر نہیں کر سکتے ریاست ایک ہے، سیاست الگ الگ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ریاست سے خود کو بڑا سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، مضبوط معیشت مضبوط پاکستان اور کمزور معیشت سے کمزور پاکستان ہوگا، ملک میں سیاسی استحکام پالیسیوں میں تسلسل اور اصلاحات کی ضرورت ہے، ملک کو سیاسی انتشار سے بچانا ہمارے معاشی اور اقتصادی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات آئین و قانون کے دائرے میں ہوں گے، مذاکرات کو کمزوری نہ سمجھا جائے، فوج اور اداروں پر حملہ آوروں کو معاف کرنا دہشت گردوں کو معاف کرنا ہے، کیا امریکہ میں فوجی چھاؤنی یا پینٹا گون پر حملہ کرنے والوں کو معافی مل جاتی ہے؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں