غزہ میں جھڑپیں ،اسرائیلی میجراورکیپٹن ہلاک ،4فوجی زخمی

غزہ میں جھڑپیں ،اسرائیلی میجراورکیپٹن ہلاک ،4فوجی زخمی

غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں ہونے والی جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کا میجر اور کیپٹن ہلاک ہوگیا جبکہ مغربی کنارے میں کار اور مسافر بس پر فائرنگ میں 3 اسرائیلی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ۔۔

اسرائیل فوج نے 24گھنٹوں میں حملے کرکے 31فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔تفصیلات کے مطابق غزہ میں گزشتہ روز فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں 24 سالہ کیپٹن شخنازی اور 28 سالہ میجر ریواہ مارے گئے ،لڑائی کے دوران 4 فوجی زخمی بھی ہوئے ۔ آئی ڈی ایف کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی افسروں اور 2 سپاہیوں کا تعلق نہال بریگیڈ 932 بٹالین سے تھا۔ 2 مزید فوجیوں کی ہلاکت کے بعد غزہ میں زمینی آپریشن شروع ہونے سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 397 تک پہنچ گئی ہے ۔ مغربی کنارے کے ایک قصبے میں 2 مسلح افراد نے کار اور ایک بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ کار اور مسافر بس پر فائرنگ میں 3 اسرائیلی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 60 سال کی 2 خواتین اور 40 سالہ ایک مرد کو جائے وقوعہ پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور نوجوان حلیے سے فلسطینی لگتے ہیں جن کی تلاش میں چھاپا مار کارروائی کی جا رہی ہے ۔فلسطینی وزارت صحت کے بیان میں کہاگیاہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روزبھی حملوں اور بمباری کا سلسلہ جاری رکھا اور 24گھنٹوں کے دوران 31فلسطینی شہید ہوگئے ،جس کے بعد اکتوبر 2023سے شروع ہونیوالی لڑائی میں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 45ہزار885ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 9ہزاور 196افرادزخمی ہوئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں