امریکا:فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارہ ٹکرا کر تباہ،67 افراد ہلاک

واشنگٹن،اسلام آباد ،(اے ایف پی، رائٹرز، نامہ نگار )امریکا میں واشنگٹن ایئر پورٹ کے قریب فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیار ہ ٹکرا کر تباہ ہو گئے حادثے میں67افراد ہلاک ہو گئے ،فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد مسافر طیارہ پوٹومیک دریا میں گرا ۔
30 لاشیں نکال لی گئیں، بقیہ کی تلاش جاری ہے ۔میڈیا کے مطابق مسافر طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔ امریکن ایئر لائنز کی پرواز یو ایل 5432 کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی۔حادثے کے بعد ریگن نیشنل ایئر پورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں ۔حکام کے مطابق مسافر طیارے میں 64 جبکہ ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی اہل کار سوار تھے ۔طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ہے کہ فضائی حادثے سے متعلق پوری طرح آگاہ اور صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں۔ فضائی حادثہ ایک المیہ ہے ، کوئی زندہ نہیں بچا، آج امریکا کے لیے تکلیف دہ دن ہے ، حادثے کی وجہ سے امریکی غم میں ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ حادثے کو روکنا چاہیے تھا،پائلٹ ذمہ دار ہیں ۔ٹرمپ نے کہا کہ 2016 میں وائٹ ہاؤس آنے کے بعد میں نے سیفٹی کو ترجیح دی، میری انتظامیہ ایوی ایشن سیفٹی کیلئے قابل افراد کو نامزد کرے گی۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا مجھے لگتا ہے کہ یہ روکا جا سکتا تھا،ایسا ممکن تھا۔واشنگٹن کے فائر چیف جان ڈونیلی نے کہا کہ اس وقت ہمیں یقین نہیں ہے کہ کوئی مسافر زندہ بچ گیا ہے ۔اب ہم ایک ایسے موڑ پر ہیں جہاں ہم ریسکیو آپریشن سے ریکوری آپریشن کی طرف جا رہے ہیں۔ طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے واشنگٹن میں مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے ٹکرانے کے المناک واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایکس پر وزیراعظم نے کہاکہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں صدر ٹرمپ اور امریکی عوام کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے ان خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا جنہوں نے اس سانحہ میں اپنے پیاروں کو کھودیا۔