ٹرمپ کا غیر قانونی تارکین کو گوانتاناموبے بھیجنے کا اعلان

واشنگٹن (اے ایف پی،،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ گوانتاناموبے میں 30 ہزار غیرقانونی تارکین کو قید کرنے کا ارادہ ہے ، ٹرمپ نے ہوم لینڈ سکیو رٹی اور پینٹاگون کو گوانٹاناموبے میں خصوصی جگہ بنانے کا حکم دے دیا۔
ادھر ٹرمپ نے لاکن ریلی ایکٹ پر دستخط کردئیے ، اس ایکٹ سے غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرنا اور جبری بے دخل کرنا آسان ہوگیا ۔صدر ٹرمپ کے دوسرے دور میں قانونی حیثیت اختیار کرنے والا یہ پہلا قانون ہے ۔یہ بل ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز نے اتفاق رائے سے منظور کیا جس پر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس سے اظہار تشکر کیا۔ قانون کے تحت اب وفاقی امیگریشن حکام بغیر قانونی سٹیٹس امریکا میں مقیم ایسے افراد کو بھی جبری بے دخل کرسکیں گے جو چوری، دکان سے چیز اٹھانے ، اہلکار پر تشدد یا کسی شہری کو موت کے منہ میں دھکیلنے یا شدید زخمی کرنے میں ملوث ہونگے ۔اس بل کا نام جارجیا کی نرسنگ کی طالبہ کے نام پر رکھا گیا ہے جسے گزشتہ سال وینزویلا کے شہری نے قتل کر دیا تھا۔امریکی صدر نے کہا غیرقانونی تارکین کی گوانتاناموبے میں رکھنے کے حکمنامے پر جلد دستخط کروں گا۔ مجرموں کیلئے گوانتاناموبے میں 30 ہزار بستر موجود ہیں۔یاد رہے کہ گوانتانامو بے قید خانہ 2002 میں کیوبا کے جزیرے میں واقع امریکی فوجی اڈے کے اندر کھولا گیا تھا۔اس قید خانے میں سینکڑوں افراد کو رکھا گیا جن میں اکثریت طالبان اور القاعدہ تنظیم کے ارکان تھے ۔