بھارت:کاروباری لوگوں نے جنگی ماحول کو کمائی کا ذریعہ بنالیا
نئی دہلی (اے ایف پی)بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ تین دہائیوں کی بدترین کشیدگی کے چند ہی گھنٹوں بعد، بھارتی کاروباری افراد نے قوم پرستی کی لہر کو کیش کراتے ہوئے ایسی ٹی شرٹس اور بیگ متعارف کروائے
جن پر بھارتی فوج کی حمایت میں نعرے درج تھے ۔چار دن جاری رہنے والی لڑائی کے بعد 10 مئی کو جنگ بندی کا اعلان ہوا، لیکن بھارت میں فوجی کارروائی کے حق میں قوم پرستی کی شدید لہر بدستور جاری ہے ۔اسی فضا میں چند کاروباری اداروں نے موقع کو کیش کر لیا۔ نئی دہلی میں قائم "کڑک مرچ" (KadakMerch) نامی برانڈ کے بانی آدی اروڑا کے مطابق، "آپریشن سندور" کے اعلان کے اگلے ہی دن ان کی ڈیزائن ٹیم نے 4 سے 5 ڈیزائن تیار کیے جو وائرل ہو گئے ۔اروڑا کے مطابق ان کی فیکٹری اب تک 2000 سے زائد ٹی شرٹس اور دیگر اشیاء تیار کر چکی ہے ۔ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ٹی شرٹ پر بھارتی فضائیہ کے ایک اعلیٰ افسر کا جملہ درج ہے :"ہمارا کام نشانہ لگانا ہے ، لاشیں گننا نہیں۔"بھارتی حکومت کے مشیر کنچن گپتا نے بھی ایک اور آن لائن برانڈ کی "آپریشن سندور" ٹی شرٹس کی X (سابقہ ٹوئٹر) پر تشہیر کی۔صحافی کنال پروہت کے مطابق، "اس طرح کے نازک موقع پر حکومت کی جانب سے باقاعدہ مہم چلانا اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ اقدام ملکی سیاسی مقاصد کے لیے بھی تھا۔"پروہت نے مزید کہا کہ مودی حکومت گزشتہ دس برسوں سے مقبول ثقافت کو اپنی قوم پرست سوچ کے فروغ کے لیے کامیابی سے استعمال کر رہی ہے ۔"کڑک مرچ" کے بانی اروڑا نے بتایا کہ ان کی مصنوعات بھارت کی مسلح افواج سے یکجہتی کا سستا اور آسان ذریعہ بن چکی ہیں۔ حتیٰ کہ فوجی افسران کی طرف سے بھی آرڈرز موصول ہو رہے ہیں۔