ہنگری کی پارلیمنٹ نے آئی سی سی چھوڑنے کی منظوری دیدی
بڈاپسٹ(اے ایف پی)ہنگری کی پارلیمنٹ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کو چھوڑنے کی منظوری دی۔ برونڈی اور فلپائن کے بعد ہنگری آئی سی سی چھوڑنے والا تیسرا ملک بن گیا ہے ۔
وزیر اعظم وکٹر اوربان نے گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دورے کے دوران اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک آئی سی سی سے نکل جائے گا۔ یاد رہے ہنگری نے آئی سی سی کے وارنٹ گرفتاری کے باوجود نیتن یاہو کی میزبانی کی تھی ۔ہنگری کی پارلیمنٹ میں 134 قانون سازوں نے آئی سی سی چھوڑنے کی تجویز کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 37 نے مخالفت میں ووٹ دیا ، سات ممبرز نے ووٹ نہیں دیا۔ وزیر خارجہ پیٹر سیجارتو نے کہا ہنگری جلد اقوام متحدہ کو مطلع کرے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آئی سی سی ایک سیاسی طور پر محرک عدالتی ادارہ بن چکا ہے ، جو ناقابل قبول ہے ۔