25کروڑ عوام کا پانی روکنا اعلان جنگ کے مترادف :پاکستان
واشنگٹن (دنیا مانیٹرنگ )امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے بیانات ہندوتوا کی دہشتگردانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔۔
۔25کروڑ عوام کا پانی روکنا اعلان جنگ کے مترادف ہے ،جنگ بندی میں امریکا کا نمایاں کردار، مسئلہ کشمیر کیلئے ٹرمپ کے اقدامات کے معترف ہیں،بھارتی قیادت کا داخلی ضرورتوں کیلئے پاکستان کارڈ استعمال کرنا خطرناک روش ہے ،واشنگٹن میں مختلف ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے بذات خود جنگ بندی کا اعلان اس حوالے سے امریکی کردار کو واضح کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے امریکی قیادت کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔ صدر ٹرمپ امن کے داعی ہیں۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امید ہے ان کوششوں کو جاری رکھا جائے گا اور معاملے کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے پائیدار اور مستقل حل کا خواہاں ہے ۔سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کا رویہ لاقانونیت کے ایک تسلسل کا مظہر ہے ۔ سندھ طاس معاہدے میں یکطرفہ طور پر معاہدے کو منقطع کرنے یا معطل کرنے کی کوئی شق یا گنجائش نہیں ۔ بھارتی قیادت کے بیانات کشیدگی کو ہوا دینے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشت گرد اور ان کے نظریاتی اور مالیاتی سرپرست انسانیت کی بدترین مثال ہیں۔