ٹرمپ کا ٹیکسوں سے متعلق بل گھناؤنا اور شرمناک ہے :ایلون مسک
واشنگٹن (اے ایف پی)دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے ٹیکسوں اور اخراجات سے متعلق بل کو ’’گھناؤنا اور شرمناک‘‘اقدام قرار دیا ہے ۔
ایلون مسک نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھاکہ میں معذرت چاہتا ہوں لیکن مزید یہ برداشت نہیں کر سکتا،ان سب کو شرم آنی چا ہئے جنہوں نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا، آپ کو علم ہے کہ آپ نے غلط کیا۔ ایکس پر ایک اور پوسٹ میں ایلون مسک نے ایوان کے حوالے سے کہاکانگریس امریکا کو دیوالیہ کر رہا ہے ۔ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ میں 129 دن کام کرنے کے بعد گزشتہ ہفتے علیحدگی اختیار کر لی تھی، جس کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ حکومتی پالیسی کی مخالفت میں کوئی سخت بیان دیا ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم پر کم از کم 25 کروڑ ڈالر خرچ کرنے والے ایلون مسک کے نظریات میں اس بڑی تبدیلی پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔