حجاج کرام کی منیٰ میں جمرہ کبریٰ کی ادائیگی اور قربانی
مکہ مکرمہ (نیوزایجنسیاں)جمعہ کی صبح منیٰ میں جمرات کے مقام پر حجاج کرام نے حج کے اہم رکن رمی جمرہ کبریٰ کی ادائیگی کا آغاز کیا۔
اس موقع پر حجاج کی نقل و حرکت میں بھرپور توازن دیکھنے میں آیا جبکہ مزدلفہ سے جمرات تک کے راستے میں تمام سروسز، سکیورٹی اور انتظامی سہولیات مہیا کی گئیں۔اس دوران ضیوف الرحمن نے رمی جمرہ کبریٰ ادا کی جبکہ سکیورٹی، صحت، ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں۔ سکیورٹی اہلکار جمرات پل کے اطراف، داخلی و خارجی راستوں اور اس کی گزرگاہوں پر حجاج کی رہنمائی اور حفاظت کے فرائض انجام دیتے رہے ۔جمرات کی جانب حجاج کی روانگی مرحلہ وار اور محفوظ انداز میں جاری رہی اور ہر سطح پر بھیڑ کو منظم طریقے سے سنبھالا گیا۔ رمی کے بعد حجاج اپنے اپنے خیموں کی جانب سکون اور سہولت سے واپس لوٹے جبکہ منیٰ بھر میں ٹریفک اور پیدل نقل و حرکت رواں دواں رہی۔دوسری طرف جمرہ العقبہ کی ادائیگی کے بعد حجاج نے قربانی کے مرحلے کا آغاز کردیا۔