اگلے حملے زیادہ سنگین،ایران جوہری معاہدہ کرلے ورنہ کچھ نہیں بچے گا:ٹرمپ

اگلے حملے زیادہ سنگین،ایران جوہری معاہدہ کرلے ورنہ کچھ نہیں بچے گا:ٹرمپ

واشنگٹن(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پراگلے حملے زیادہ سنگین ہوں گے ، ایران جوہری معاہدہ کرلے ورنہ کچھ بھی نہیں بچے گا ۔

انہوں نے کہا دو ماہ قبل میں نے ایران کو 60 دن کا الٹی میٹم دیا تھا،آج 61واں دن  ہے ،ایران کے پاس اب یہ دوسرا موقع ہے کہ وہ جوہری معاہدہ کر لے ،ورنہ اگلے حملے مزید وحشیانہ ہوں گے ۔ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر کہا ایران کو بتایا تھا معاہدہ کرلو لیکن انہوں نے نہیں کیا، معاہدے کی کوششیں ہوئیں، معاہدے کے قریب بھی پہنچے لیکن وہ معاہدہ نہ ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ ایران کے کچھ سخت گیر عہدیداروں نے بہادری سے بات کی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ کیا ہونے والا ہے ؟، سب سخت گیر ایرانی اب مر چکے اور اب آگے بھی بدتر ہی ہوگا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو معاہدہ کرنے کاموقع دینے کے بعد ایک اور موقع دیاگیا ہے ، ایران کومعاہدہ کرلینا چاہیے اس سے پہلے کہ کچھ نہ بچے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکا دنیا میں سب سے زیادہ مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل کے پاس ان ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ ہے ، وہ اسے چلانا جانتے ہیں لہٰذا وقت ہے کہ اس صورتحال کا خاتمہ کیا جائے ، ورنہ پہلے سے طے شدہ حملے زیادہ سنگین ہوں گے ۔ واضح رہے امریکا اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے پر بات چیت اتوار کو عمان میں اپنے چھٹے دور میں داخل ہونے والی تھی۔دوسری جانب امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران پر حملے میں امریکا نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی کسی قسم کی معاونت فراہم کی گئی ،مارکوروبیو نے کہا ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے ، اسرائیل نے ہم سے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی اپنے دفاع کے لیے ضروری تھی۔ ایران کو امریکی مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں