سندور :اسرائیلی وزیراعظم کی بھارت سے تعاون کی تصدیق
یروشلم،نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ مئی 2025 میں ہونے والے بھارتی فوجی آپریشن سندور کے ۔۔
دوران اسرائیل نے بھارت کو فوجی تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں اسرائیلی ساختہ ہتھیار، ہارپی ڈرونز اور باراک8 میزائل موثر طریقے سے استعمال کیے گئے ۔دوسری جانب نیتن یاہو نے یرو شلم میں بھارتی سفیر جے پی سنگھ سے ملاقات میں سکیورٹی و اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی بات کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے بھارت سے آئے ہوئے سینئر صحافیوں کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی اور اُن کے سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔نیتن یاہو نے کہا کہ جو چیزیں ہم نے پہلے فراہم کی تھیں، وہ میدان میں بہت مو ثر ثابت ہوئیں، ہم اپنے ہتھیار میدانِ جنگ میں تیار کرتے ہیں اور انہیں آزماتے ہیں، وہ بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے ۔واضح رہے گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت نے اسرائیل سے تقریباً 2.9 ارب ڈالر مالیت کا فوجی ساز و سامان خریدا، جس میں ریڈار، نگرانی ، جنگی ڈرونز اور میزائل شامل ہیں۔