امریکا دوحا معاہدے کا احترام کرے ، کسی صورت بگرام ایئربیس حوالے نہیں کرینگے : طالبان
کابل(دنیامانیٹرنگ)طالبان حکومت نے بگرام فضائی اڈے کو امریکا کے حوالے کرنے کے صدر ٹرمپ کے مطالبے کو بیجا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔۔۔
انہوں نے بگرام کی واپسی کی خواہش کو غیر حقیقی اور جارحانہ قدم قرار دیتے ہوئے امریکا سے ‘‘حکمت اور حقیقت پسندی’’ پر مبنی رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ترجمان طالبان نے کہا کہ افغانستان کی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دیں گے ۔طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے امریکا کو یاد دلایا کہ آپ نے دوحا معاہدہ (2020) میں اندرونی مداخلت نہ کرنے اور افغان سرزمین کا احترام کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے انکشاف کیا کہ امریکا کے ساتھ افغانستان میں سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر بات چیت جاری ہے ۔تاہم انہوں نے اس بات کی تردید یا تصدیق نہیں کہ بگرام ایئربیس کی حوالگی کے لیے امریکی حکومت نے باضابطہ تحریری درخواست کی ہے ،یاد رہے کہ 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے دوران امریکا نے 20 سال بعد بگرام ایئربیس افغان حکام کے حوالے کیا تھا۔