غزہ :مزید45فلسطینیوں کی لاشیں واپس،رفح بارڈر بدستور بند
کرپشن مقدمہ ، نیتن یاہو عدالت پیش، تاریخی موقع،حماس ہتھیار پھینک دے :امریکا
غزہ ،یروشلم(اے ایف پی) اسرائیل نے بدھ کو مزید 45 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ حکام کے حوالے کر دیں، اب تک 90 لاشیں واپس کی جا چکی ۔ معاہدے کے تحت ہر ایک اسرائیلی کے بدلے 15 فلسطینیوں کی لاشیں دی جا رہی ہیں۔ چار دنوں میں اب تک 10 اسرائیلی اور ایک نیپالی شہری کی لاشیں واپس ملی ہیں،جن میں ایک کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ بدھ کو رات گئے غزہ سے دو اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کو موصول ہوئی ہیں۔ حماس نے کہا ہے کہ اپنی تحویل میں موجود تمام زندہ اسرائیلی یرغمالیوں اور دستیاب لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کر دیا ۔ بقیہ لاشوں کی بازیابی کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں ۔ ادھر اسرائیلی وزیر ایتمار بن گویر نے دھمکی دی ہے کہ لاشیں واپس نہ ملیں تو امداد روک دی جائے گی۔علاوہ ازیں رفح بارڈر تاحال بند ہے ،جس کے باعث فلسطینیوں کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے ۔ اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا اسرائیل کو غزہ میں انسانی امداد کے لیے سرحدی راستے فوری طور پر کھولنے چاہئیں۔اسرائیلی وزیراعظم بدھ کوکرپشن مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے ارب پتیوں سے لگژری تحائف لیے ،مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجی کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے حماس سے کہا وہ غزہ میں عام فلسطینی شہریوں پر فائرنگ فوری طور پر بند کرے ، تاریخی موقع ہے ،حماس ہتھیار پھینک دے ۔ان کا یہ بیان حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں 8فلسطینیوں کو سڑک پر گولی مار کر ہلاک کرتے دکھایا گیا۔