نایاب دھاتوں پر پابندیاں، امریکا کا چین پر معاشی بلیک میلنگ کا الزام

نایاب دھاتوں پر پابندیاں، امریکا کا چین پر معاشی بلیک میلنگ کا الزام

چین سے کشیدگی کے باوجود مذاکرات مثبت سمت میں جا رہے :امریکی وزیر خزانہ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ، بات چیت ضروری :چینی وزارت خارجہ

واشنگٹن،بیجنگ (اے ایف پی)نایاب دھاتوں پر پابندیوں کے بعد امریکا نے چین پر معاشی بلیک میلنگ کا الزام لگایا ہے ۔ امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے چین کی جانب سے نایاب دھاتوں کی برآمدات پر نئی پابندیوں کو چین بمقابلہ دنیا قرار دے دیا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک اجلاس کے دوران پریس کانفرنس میں بیسنٹ نے کہا کہ ہم نہ چین کے غلام بنیں گے ، نہ اس کے حکم کے تابع ہوں گے ۔ واضح رہے چین دنیا میں ان قیمتی دھاتوں کا سب سے بڑا سپلائر ہے جو دفاعی، الیکٹرانک اور آٹو صنعت میں استعمال ہوتی ہیں۔  امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے اسے عالمی اقتصادی بلیک میلنگ قرار دیا۔اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے باوجود مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ واشنگٹن میں سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اعلیٰ سطح پر رابطے میں ہیں اور مستقبل کے حوالے سے وہ پرامید ہیں۔ نایاب معدنیات کی برآمدات پر چین کی حالیہ پابندیوں نے تعلقات میں تناؤ بڑھا دیا ہے ۔ تاہم بیسنٹ نے تصدیق کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ کشیدگی کم ہو اور تعلقات بہتر بنائے جا سکیں۔چینی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی کو کنگ آئل کی درآمد بند کرنے کی دھمکی پر کہا تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ، بات چیت ضروری ہے ،واضح رہے امریکا نے پچھلے سال چین سے 10لاکھ27ہزار ٹن کو کنگ آئل خریدا جو چینی برآمدات کا 40 فیصد تھا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں