مزید2بھارتی شہروں میں بنگلہ دیشی ویزا دفاتر بند
ڈھاکہ،نئی دہلی (اے ایف پی،دنیامانیٹرنگ)بنگلہ دیش نے نئی دہلی کے بعد مزید2بھارتی شہروں میں ویزا دفاتر بند کر دئیے ،بھارتی ریاست تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں ویزا اور قونصلر خدمات غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی گئیں۔۔۔
مغربی بنگال میں بھی ویزا دفتر عارضی طور پر بند کر دیا گیا تاہم کولکتہ میں ویزا دفتر اب بھی کام کر رہا ہے ۔بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر پرنئے ورما کو دفتر خارجہ طلب کر کے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے باہر مظاہروں پر شدید احتجاج کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے نئی دہلی اور سلی گڑی میں ویزا مراکز کے باہر توڑ پھوڑ کا حوالہ دیا گیا، تاہم بھارت نے توڑ پھوڑ کی رپورٹس کو گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیا ہے ۔منگل کو سینکڑوں مظاہرین زعفرانی پرچم اور بینرز لہراتے ہوئے نئی دہلی میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کے قریب جمع ہوئے ، جن میں ایک بینر پر درج تھا، بنگلہ دیش میں ہندوؤں کا قتل بند کرو۔علاوہ ازیں ڈھاکہ میں روس کے سفیر الیگزینڈر گریگوریوچ نے کہا بنگلہ دیش کو بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی جتنی جلدی ہو سکے کم کرنی چاہیے ۔ کشیدگی میں کمی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے ضروری ہے ۔