بااختیار فلسطینی حکومت کے قیام کے بعد دستبردار ہونے کو تیار :حماس

بااختیار فلسطینی حکومت کے قیام کے  بعد دستبردار ہونے کو تیار :حماس

غزہ،یروشلم(دنیا مانیٹرنگ،اے ایف پی) حماس کے سیاسی بیورو کے عہدیدار باسم نعیم کا کہنا ہے کہ حماس غزہ میں با اختیار فلسطینی حکومت کے قیام کے بعد حکومتی منظرنامے سے مکمل طور پر دستبردار ہونے کے لیے تیار ہے۔

 حماس غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے تیار ہے ، نیتن یاہو اپنے وعدوں سے مکر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کی منظوری کے بعد غزہ جنگ بندی معاہدہ بین الاقوامی منصوبہ بن گیا، غزہ جنگ بندی معاہدے کو اب بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔باسم نعیم نے کہا جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 439 شہادتیں ہوچکی ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ دس سال کے اندر اسرائیل امریکی فوجی امداد کے بغیر خود کفیل ہو جائے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ امریکی امداد کی قدردانی کرتے ہیں، لیکن اب اسرائیل کی معیشت اور دفاعی صلاحیتیں اتنی مضبوط ہو گئی ہیں کہ مستقبل میں خود انحصاری ممکن ہے ۔ اسرائیل ہر سال 3اعشاریہ 8ارب ڈالر کی فوجی امداد امریکاسے حاصل کرتا ہے ۔ وزیراعظم نے اس امداد کو مرحلہ وار کم کرنے کا منصوبہ ظاہر کیا تاکہ ملک خود کفیل ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں