پاکستان نیوی فلوٹیلا کا پورٹ سلطان قابوس مسقط کا دورہ

پاکستان نیوی فلوٹیلا کا پورٹ سلطان قابوس مسقط کا دورہ

فلوٹیلا کا پرتپاک استقبال ،عمانی جہاز خساب کیساتھ پیسیج ایکسرسائز میں حصہ لیا مشن کمانڈر ، کمانڈنگ آفیسرز کی عمان رائل نیوی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں

مسقط(نیوز ایجنسیاں)پاکستان نیوی فلوٹیلا نے عمان کے دارالحکومت مسقط کی پورٹ سلطان قابوس کا دورہ کیا۔پاک بحریہ کے فلوٹیلا میں سیل شپ پی این ایس راہ نورد، پی این  ایس مددگار اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر شامل تھا،پورٹ پر آمد کے موقع پر عمانی حکام نے فلوٹیلا کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران مشن کمانڈر اور جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز نے رائل نیوی آف عمان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آرکے مطابق مشن کمانڈر نے قائم مقام کمانڈر رائل نیوی آف عمان، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سکیورٹی سنٹر، کمانڈر سعید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔پورٹ کال کے بعد پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے کے جہازوں نے رائل عمان نیوی کے جہاز خساب کے ساتھ پیسیج ایکسرسائز میں حصہ لیا۔سمندر میں ہونے والی اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی بڑھانا اور دو طرفہ بحری مشقوں کے ذریعے پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ کرنا تھا۔پاکستان اور عمان سمندری ہمسائے ہیں اور اعلیٰ سطح کے دورے ، بحری جہازوں کے پورٹ کالز اور مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا مستقل حصہ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں